کراچی، اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، آن لائن )کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 25 فیصد کے قریب پہنچ گئی۔ترجمان محکمہ صحت کےمطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں کورونا کے 7783 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1932 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جس سے مثبت کیسز کی شرح 24.82 فیصد رہی۔ترجمان کے مطابق
حیدرآباد میں 24 گھنٹوں میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 6.34 فیصد ریکارڈ کی گئی جب کہ کراچی اور حیدرآبادکے علاوہ سندھ کے دیگر اضلاع میں کورونا کے مثبت کی شرح 1.87 سے بڑھ کر3.40 فیصد ہوگئی ہے۔ترجمان محکمہ صحت کا بتانا ہےکہ سندھ بھر میں مجموعی طورپرکورونا کی شرح ایک ہفتے میں بلند ترین 12.74 فیصد رہی، صوبے میں 18112 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2308 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ 7 افراد وائرس سے انتقال کرگئے۔دوسری جانب ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 39 افراد وائرس سے انتقال کرگئے جب کہ مثبت کیسز کی شرح 6.6 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 49 ہزار 412 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3262 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 39 افراد انتقال کرگئے۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح
6.6 فیصد رہی۔ ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 23 ہزار 87ہوگئی اور مجموعی کیسز 10 لاکھ 11 ہزار 708 تک جاپہنچے ہیں۔اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1123 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 9 لاکھ 28 ہزار 722ہوگئی ہے جب کہ فعال کیسز کی تعداد 59899 ہے۔