اسلام آباد ( آن لائن )مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ میں نے تو 2018کے نتائج بھی تسلیم نہیں کیے اور نا ہی اس جعلی حکومت کو مانا ہے۔ آزاد کشمیر انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے
پارٹی ورکرز اور ووٹرز کو شاباش دیتی ہوں ، اس بے شرم دھاندلی پر کیا لائحہ عمل ہو گا، جماعت جلد فیصلہ کرے گی، نا ہی نتائج تسلیم کیے ہیں اور نا کروں گی۔ مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جعلی راجکماری میں نہ مانوں کی رٹ لگائے ہوئے ہے، جعلی راجکماری کی بڑھکیں زمین بوس ہو گئیں، اب ن لیگ شکست قبول کرنے کا حوصلہ پیدا کرے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جعلی راجکماری نا سیاستدان ہے اور نا ان میں اسپورٹس مین شپ کا جذبہ ہے، ن لیگ کا مودی کے ساتھ گٹھ جوڑ زمین بوس ہو گیا، انتشار کی سیاست کرنے والوں کو کشمیریوں نے مسترد کر دیا۔ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی بربادی، پی ڈی ایم کی تباہی جعلی راجکماری کے بڑیکارنامے ہیں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر الیکشن میں ناکامی بھی جعلی راجکماری کے کارنامے ہیں، جعلی راجکماری سیاست میں حقائق کا سامنا کرے۔