کراچی (این این آئی)کراچی میں کورونا کے ڈیلٹا ویرینٹ کے باعث بڑے سرکاری اور غیر سرکاری ہسپتالوں میں جگہ ختم ہونے لگی جس کے باعث طبی ماہرین نے شہر میں ہیلتھ ایمرجنسی کا مطالبہ کردیا۔حکام کے مطابق کراچی کے سرکاری اسپتالوں میں مریض بچوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، نیپا کا انفیکشنز ڈیزز اسپتال مکمل طور پر بھر چکا ہے ،
ایکسپو سینٹر کراچی میں مزید مریضوں کے داخلے کی گنجائش نہیں، آغا خان ہسپتال نے کورونا کے مزید مریضوں کو لینے سے منع کردیا ہے۔حکام کے مطابق سول ہسپتال کراچی میں 48 بیڈ کے سرجیکل وارڈ کو کورونا وارڈ میں بدلا جارہا ہے اور جناح ہسپتال کراچی کے چیسٹ وارڈ کو بھی کورونا وارڈ میں بدلنے کی تیاریاں شروع کی جاچکی ہیں، لیاری جنرل ہسپتال میں ڈیلٹا وائرس سے متاثر بچوں کی آمد شروع ہوگئی ہے جس کے باعث ہسپتال کے کووڈ وارڈ میں بیڈز بڑھائے جارہے ہیں۔حکام کے مطابق کراچی میں ڈیلٹا ویرینٹ کی شرح 92 فیصد سے بڑھ چکی ہے جس سے ڈاکٹروں اور طبی عملے میں بھی کورونا وائرس انفیکشن کی شرح بڑھ رہی ہے، ڈیلٹا ویرینٹ کے باعث بڑے سرکاری اور غیر سرکاری اسپتالوں میں جگہ ختم ہونے لگی ہے۔انڈس ہسپتال کے پروفیسر عبدالباری نے کہاکہ کورونا وائرس کی صورتحال بیقابو ہو چکی ہے، ہسپتال کا کورونا وارڈ اور ایمرجنسی مریضوں سے بھرگئے ہیں، عوام سے ایس او پیز پر عمل کرنے اور ویکسین لگوانے کی درخواست ہے۔