مظفر آباد (این این آئی)وزیر اعظم آزاد کشمیر و صدر مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہاہے کہ ایک وفاقی وزیر نے کسی کو’’کتا‘‘کہا جس پرلوگ مشتعل ہوئے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ ایک وفاقی وزیر نے کسی کو’’کتا‘‘کہا جس پرلوگ مشتعل ہوئے، لوگوں نے انڈے پھینکے اور وفاقی وزراکے گارڈز نے فائرنگ شروع کردی۔ انہوں نے کہاکہ کیا آزاد کشمیر کسی کا مفتوحہ علاقہ ہے؟
کیا کسی نے ان پر بندوق نکالی جو وفاقی وزراء کے گارڈز نے گاڑیوں سے اتر کر فائرنگ شروع کر دی؟۔ انہوںنے کہاکہ حکومت پاکستان کیا کوئی ایسٹ انڈیا کمپنی ہے؟ پرامن جمہوری طریقے سے احتجاج کرنا عوام کا حق ہے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا میں احتجاج کا طریقہ ہے کہ ایسی چیز سے احتجاج کریں کہ کسی کو نقصان نہ پہنچے، پاکستان کا ہر وزیر اعظم قابل احترام ہے مگر آزاد کشمیر کے انتخابات جیتنے کیلئے جو عمران خان کررہے ہیں کیا ایسے انتخاب لڑے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ مسلم محاذ کو بھی 1987 میں جیتا ہوا الیکشن ہرایا گیا تھا پھر 1989 میں اسکا کیا نتیجہ ہوا سب نے دیکھا۔ انہوںنے کہاکہ جہلم ویلی روڈ واقعہ میں فائرنگ کرنے والے گارڈز کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کی جائیگی، ایک وفاقی وزیر کہتا ہے کہ بھٹو غدار تھا،اسکو کس نے یہ کہنے کا حق دیا۔ انہوں نے کہاکہ مریم نواز کے بارے میں جو زبان استعمال کی گئی وہ بھی سب کے سامنے ہے، لگتا ہے کہ عمران خان وفاقی وزراء سے پوچھتے ہونگے کہ آج گالیوں کا کیا سکور رہا، مراد سعید کو جواب نہیں دینا چاہتا۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کی سابقہ اہلیہ کہ کتاب میں مراد سعید کا ذکر موجود ہے وہ جان لیں لوگ انکے بارے میں کیا کہتے ہیں۔