اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن آف پاکستا ن نے سینٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی کے خلاف پی ٹی آئی کی رہنما عالیہ حمزہ کی خارج کی گئی درخواست دوبارہ بحال کر دی ۔ جمعرات کو ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے تین رکنی
کمیشن نے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کی نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ کیپٹن جمیل اور فہیم خان الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے ۔ علی حیدر گیلانی کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ حفیظ شیخ نے یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کو چیلنج نہیں کیا حفیظ شیخ ہی اس کیس میں متاثرہ فریق ہو سکتے تھے۔ الیکشن کمیشن نے فرخ حبیب کے وکیل علی ظفر سے سوال کیا کہ کیا آپ کوئی مزید شواہد دینا چاہتے ہیں جس پر علی ظفر نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ درخواست میں اٹھائے گئے نقاط سے آگے نہیں جایا جا سکتا، ملیکہ بخاری نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کا الیکشن کالعدم قرار دینے کیلئے شواہد دے چکے ہیں، الیکشن کمیشن نے عالیہ حمزہ کی درخواست جو عدم پیروی پر خارج کر دی تھی اسے بحال کر دیا۔ کیس کی مزید سماعت 20 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔ الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ نے کہاکہ ہم یوسف رضا گیلانی کو نا اہل کروا کر رہیں گے، پاکستان تحریک انصاف ووٹوں کی خریدوفروخت روکتی رہے گی۔عالیہ حمزہ نے کہا کہ یہ مقدمہ پاکستان کے عوام کا ہے، کرپشن اور ووٹوں کی خریداری روکنے کا ہے۔ امید ہے الیکشن کمیشن پاکستانی عوام کے حق میں فیصلہ دیگا۔