لاہور(مانیٹرنگ+ این این آئی)ایف آئی اے نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کے خلاف 25 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کیس کی تفتیشی رپورٹ تیار کرلی ہے جسے عدالت میں جمع کرایا جائے گا۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایف آئی اے نے شہباز شریف سے 25 سوالات کیے تاہم انہوں نے ایک بھی سوال کا جواب نہیں دیا۔
ایف آئی اے نے شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں تفتیشی رپورٹ تیار کرلی ہے جو کہ عدالت میں پیش کی جائے گی، تفتیش کے دوران شہباز مسئلہ فلسطین کا ذکر بھی کرتے رہے، ایف آئی اے ذرائع کے مطابق جب شہباز شریف سے تفتیشی ٹیم نے درخواست کی کہ سر آپ کچھ تو بتائیں تو لیگی صدر نے کہا کہ مسئلہ فلسطین بہت سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے، اس موقع پر ٹیم نے پوچھا کہ سر ان سوالات کا مسئلہ فلسطین سے کیا تعلق ہے جس پر ان کا کہنا تھا کہ بہت گہرا تعلق ہے، میں ساری توجہ اس مسئلے کے حل پر لگا رہا ہوں اور آپ لوگ مجھ سے بار بار چینی، اکاؤنٹ اور پراپرٹی کا پوچھ رہے ہیں، واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی جانب سے ہراساں کئے جانے کے الزام پر اپنے رد عمل میں کہا تھا کہ ایف آئی اے کی جانب سے شہبازشریف کو ہراساں نہیں کیا گیا۔ترجمان کے مطابق شہباز شریف کسی بھی سوال کا سنجیدگی سے جواب نہیں دیتے،ان سے اربوں روپے کی رقم جمع ہونے کے سوال پر جواب ملتا ہے کہ میں نے میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین چلائی۔شہباز شریف سے سوال کیا گیا کہ آپ کے ملازمین نے اربوں روپے آپ کے اور فیملی کے اکاؤنٹس میں جمع کرائے جس پر شہباز شریف کا جواب تھا کہ میں نے پنجاب کی بہت خدمت کی۔ ایف آئی اے
ترجمان نے کہا کہ پوچھاجاتا ہے کہ گاڑیاں اور پراپرٹی کیسے بنائی جس پر شہباز شریف کا جواب ہوتا ہے بچوں سے پوچھیں۔ ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ شہباز شریف کو ایف آئی اے کی جانب سے ہراساں نہیں کیا گیا۔ بیرونِ ممالک سے آنے اور بھجوائی جانے والی اربوں روپے کی رقم کے بارے میں پوچھنے پر کہتے ہیں کہ میرے وکیل
جواب دیں گے۔ شہباز شریف اس طرح کے جوابات دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ سوال و جواب ظاہر نہ کیے جائیں۔شہباز شریف کوبڑی عزت کے ساتھ ایف آئی اے کے دفتر لایا گیا،دورانِ تفتیش چائے اور کافی بھی پیش کی گئی، انہیں ہراساں کرنے اور ان سے بدتمیزی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، انہوں نے کسی ایک سوال کا درست جواب نہیں دیا۔