کراچی(این این آئی)عید قرباں کے قریب آتے ہی کراچی میں لوٹ مار کی وارداتیں بڑھنا شروع ہوگئی ہیں، ڈاکوؤں نے احساس پروگرام کے عملے اور مستحق افراد کو بھی نہ بخشا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 5میں احساس پروگرام کے عملے سے ڈکیتی کی واردات کا واقعہ پیش آیا ہے، ملزمان کے فرار ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی ہے۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایاکہ ملزمان احساس پروگرام کے عملے سے 12 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوئے امدادی رقم لینے کیلئے آنے والے مستحقین سے بھی موبائل فون چھین لیے گئے۔ملزمان 3موٹر سائیکلوں پر واردات کے لیے آئے تھے اور واردات کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ سی ٹی وی فوٹیج میں مسلح ملزمان کو اسلحہ تھامے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہاہے کہ اسمبلی کا رکن منتخب ہونے کے بعد ہر ممبر کا کام ہے کہ اپنے علاقے کے مسائل اجاگر کرے، الزامات لگائے جارہے ہیں وفاق نے سندھ کا پانی چوری کرلیا، پنجاب نے سندھ کا پانی چوری کرلیا، سندھ کا پانی اگر چوری ہوا تو ایک ایک بوند کا حساب لیں گے۔حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف حلیم عادل شیخ نے کہاکہ سندھ میں پینے کے صاف پانی کے مسائل کا سامنا ہے،کسانوں کو کاشتکاری کیلئے برابری کی بنیاد پر پانی ملنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ کسی سے ذاتی دشمنی نہیں، سندھ کے حقوق کی بات کرتا ہوں، پانی اگر ہمارے حصے سے کم آ رہا ہے تو ہم حساب لیں گے۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پی ٹی آئی کسی صوبے کے ساتھ ناانصافی کا سوچ بھی نہیں سکتی،پانی کی تقسیم کے معاملے پر کسی صوبے سے زیادتی نہیں ہو رہی۔اپوزیشن لیڈر سندھ نے کہاکہ احساس پروگرام کے تحت 65 ارب روپے سندھ میں تقسیم کیے گئے، سندھ کے حقوق کا تحفظ ہر سطح پر کریں گے۔