اسلام آباد(یواین پی)چنوں کی بات کی جائے تو اِن کا استعمال ہر گھر میں ہی کیا جاتا ہے، اکثر لوگ کالے اور سفید چنوں کی چاٹ بنا کر کھانا پسند کرتے ہیں اور جب خواتین کے پاس سبزیوں اور دالوں کے آپشنز ختم ہو جاتے ہیں تو ایسے میں خواتین ان کا اُبلے ہوئے انڈوں اور آلو کے ساتھ سالن یا ان کا پلائو بنا کر گزارا کر لیتی ہیں، چنوں کے استعمال سے مجموعی صحت پر بے شمار طبی فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں جن سے زیادہ تر افراد ناواقف نظر آ تے ہیں۔چنے دو رنگ کے ہوتے ہیں اور ان کی افادیت بھی کافی حد تک مختلف ہوتی ہے، ان کے استعمال سے صحت پر مختلف اثرات مرتب ہوتے ہیں جبکہ انہیں اکثر ایک ہی جیسا سمجھا جاتا ہے، سفید چنوں کے فوائد سے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ سفید چنے پروٹین حاصل کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے، چنوں کو فائبر، میگنیشیم، پروٹین، آئرن اور زنک جیسی غذائی اجزاء کا پاور ہائوس بھی کہا جاتا ہے۔