اسلام آباد (این این آئی)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں انکشاف ہواہے کہ سینیٹر محسن عزیر کا نام سمگلروں کی لسٹ میں موجود ہے کسٹم نے ان کے گودام سے
سمگلنگ کا سامان برآمد کیا تھا۔ منگل کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس سینیٹر طلحہ محمود کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا۔ذرائع کے مطابق کمیٹی میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے سینیٹر محسن عزیز کے کولڈ اسٹوریج/ گودام پر ریڈ کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کسٹم کے 100 گن مین نے چھاپہ مارا، سامان ضبط کیا اور گودام کے مالک سینیٹر محسن عزیز کو سمگلر کہا گیا۔ اس سامان کے مالک کو پکڑنا چاہیے تھا، آج بھی سینیٹر محسن عزیز کا نام ویب سائٹ پر موجود ہے۔ سینیٹر محسن عزیز نے بھی کمیٹی کو بتایا کہ ان کے گودام پر چھاپہ پڑا تھا اور سامان بھی ضبط کیا گیا تھا مگر سامان ان کا نہیں تھا مگر آج بھی ایف بی آر کی ویب سائٹ پر سمگلروں کی لسٹ میں ان کا نام ہے جس پر کمیٹی نے ایف بی آر حکام سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سینیٹر محسن عزیز کا نام ایف بی آر ویب سائٹ سے ہٹانے کی ہدایت کر دی۔