ریاض(این این آئی)سال 2021 کے لیے مشرق وسطی کی 100 طاقت ور ترین کمپنیوں کی فہرست میں سعودی عرب 37 کمپنیوں کے ساتھ چھایا ہوا ہے دنیا میں تیل پیدا کرنے والی سب سے بڑی کمپنی سعودی ارامکو سرفہرست ہے۔ معروف امریکی جریدے کی سالانہ فہرست میں
متحدہ عرب امارات 20 کمپنیوں کے ساتھ مشرق وسطی میں دوسرے نمبر پر ہے۔ اس کے اداروں میں فرسٹ ابوظبی بینک سرفہرست ہے۔مشرق وسطی کی 100 طاقت ور ترین کمپنیوں کی فہرست میں سب سے زیادہ 42 اداروں کا تعلق بینکنگ سیکٹر سے ہے۔ گذشتہ برس 2020 کی فہرست میں یہ تعداد 46 تھی۔ اسی طرح فہرست میں دوسرے نمبر پر ریئل اسٹیٹ اور کنسٹرکشن کے سیکٹرز ہیں۔ ان دونوں سیکٹروں کی فہرست میں 10 ، 10 کمپنیاں ہیں۔ تیسرے نمبر پر ٹیلی کمیونی کیشن کا سیکٹر ہے جس کی فہرست میں 9 کمپنیاں ہیں۔رواں سال کی فہرست میں شامل 100 کمپنیوں کی مجموعی فروخت کا حجم 550 ارب ڈالر رہا جب کہ خالص منافع کا حجم 91 ارب ڈالر رہا۔ گذشتہ برس کے مقابلے میں مذکورہ دونوں حجموں میں بالترتیب %17.9 اور %38.5 کی کمی واقع ہوئی۔فہرست میں شامل کمپنیوں کی مارکیٹ ویلیو کا مجموعی حجم 30 کھرب امریکی ڈالر ہے۔ سال 2020 کے مقابلے میں مارکیٹ ویلیو میں %30.4 کا اضافہ ہوا۔فوربز جریدے کی مشرق وسطی کی 100 طاقت ور ترین کمپنیوں کی فہرست میں سے 37 کمپنیاں ،دنیا کی 2000 طاقت ور ترین کمپنیوں سے متعلق فوربز جریدے کی فہرست میں بھی شامل ہیں۔ سال 2021 کے لیے عالمی فہرست میں سعودی آرامکو کمپنی کا پانچواں نمبر ہے۔