لاہور (آن لائن)محبت کی تڑپ نے شوہر کو برقعہ پہننے پر مجبور کردیا۔ جس کے نتیجے میں 6 ماہ قبل پسند کی شادی کرنے والا پریمی جوڑا برقعہ پہن کر جب سیشن کورٹ عبوری ضمانت پر پہنچا تو سیشن کورٹ کے گیٹ پر سکیورٹی اہلکاروں نے برقعہ پوش شوہر کو حراست میں لے کر
عدالت میں پیش کردیا۔ عدالت نے ملزم فراز کی جانب سے دائر کردہ عبوری ضمانت درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ملزم فراز کی عبوری ضمانت 16 جون تک منظور کرلی ہے جبکہ ملزم فراز کو برقعہ پہن کر عدالت میں پیش ہونے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کر کے تھانہ اسلام پورہ پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ پریمی جوڑے کے مطابق انہوں نے چھ ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی اور لڑکی کے والدین سمیت پولیس کے خوف سے ملزم فراز برقعہ پہن کر عدالت میں پیش ہونے کے لئے سیشن کورٹ پہنچا یہ بھی بتایا گیا ہے کہ لڑکی دعا ہما کے والدین نے اس کے شوہر کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کروا رکھا ہے جبکہ لڑکی کا کہنا ہے کہ اسے اغواء نہیں کیا گیا بلکہ دونوں نے پسند کی شادی کی ہے۔