لاہور( این این آئی )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو معیشت اور عوام کی تکالیف کا کوئی علم ہے ؟عوام بھوکے اور بیروزگار ہیں، حکمران سب اچھا ہے کی بے حسی کی رپورٹ دے رہے ہیں ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں ،آج ملک کو اشیائے ضروریہ
کی قیمتوں میں اضافے کے بحران کا سامنا ہے ،عوام کو آٹا، گندم، چینی، سبزیاں، خوردنی تیل، مرغی، دودھ، انڈے، ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قلت کا سامنا ہے ،اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ حکمرانوں کے روز کرپشن سکینڈلز آئیں گے تو عوام کی روٹی روزانہ مہنگی ہی ہوگی ،آٹے کی قیمت میں 57 روپے فی کلو اضافہ ہوا ، یہ 73 فیصد اضافہ ہے ،چینی کی قیمت 120 اور 130 تک گئی ہے، 85 فیصد اضافہ چینی کی قیمتوں میں ہوا،دودھ کی قیمت میں 31 فیصد اضافہ ہوا۔ دودھ فی لٹر 108 روپے یا اس سے زائد قیمت پر فروخت ہورہا ہے ۔ا نہوں نے کہا کہ عوام کی بنیادی ضرورت کی یہ اشیا ء انتہائی مہنگے داموں فروخت ہورہی ہیں ،اضافی گندم پیدا کرنے والے ملک میں آٹے کی فراہمی کو جو حکومت یقینی نہ بناسکے اس کی کرپشن اور نااہلی کا اس سے بڑا ثبوت اور کیا ہوسکتا ہے؟۔دوسری جانب مسلم لیگ(ن) نے ایل پی جی کی قیمت میں 20روپے اضافے کیخلاف قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ادی ۔ حناپرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ 20روپے اضافے سے ایل پی جی کی قیمت 90 سے بڑھ کے 110 روپے کلو ہو گئی ہے،گھریلو سلنڈر 200 روپے اورکمرشل سلنڈر 900روپے مہنگا ہو گیا ہے،گھریلو سلنڈر 1062 کی جگہ 1298 اورکمرشل سلنڈر 4086 کی بجائے 4994 روپے کا فروخت ہوگا۔مطالبہ ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے۔