سرگودھا(آ ن لائن)آپریشن کیلئے عام طور پر استعمال ہونیوالی مختلف نوعیت کی 19اشیا ء وادویات کی قیمتوں میں 15فیصد تک اضافہ کر دیا گیا، ذرائع کے مطابق یہ ادویات پرائیویٹ ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ سرکاری ہسپتالوں میں بھی استعمال کروائی جاتی ہیں، جہاں غریب طبقے
کیلئے یہ اضافہ باعث تشویش بن کر رہ گیاہے میڈیکل سٹور مالکان کا کہنا ہے کہ ڈسٹری بیوٹرز اور مالکان کی مبینہ ملی بھگت کے ساتھ آپریشن میں عام استعمال ہونیوالی اشیاء اور ادویات کی قیمتیں بڑھائی ہیں اس میں سٹور مالکان کو کوئی عمل دخل نہیں، دوسری جانب نجی ہسپتالوں کی فارمیسیوں نے ا س کے ساتھ ساتھ اپنے تئیں بھی قیمتوں میں اضافہ کرکے یہ ادویات و اشیاء فروخت بھی کرنا شروع کر دی ہیں جبکہ سرکاری و نیم سرکاری ہسپتالوں کے کنٹریکٹررز نے بھی اضافی قیمتوں کے ساتھ ان ادویات کی سپلائی کیلئے حکام سے رابطے کر لئے ہیں اس سلسلہ میں ہیلتھ اتھارٹی کے شعبہ ڈرگ ریگولیٹر ی کی کارکردگی کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس اہم شعبہ کے کرتا دھرتا حکام کو متذکرہ صورتحال کے بارے میں علم ہی نہیں اور کہا گیا کہ چیک کرواتے ہیں اگر یہ اضافہ حکومتی اجاز ت کے بغیر ہے تو سخت کارروائی ہو گی۔