نئی دہلی (آن لائن )بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع بریلی میں ایک شخص کو ماسک نہ پہننے پر انسانیت سوز سزا دے دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس شخص کے پیروں اور ہاتھوں میں سزا کے طور پر کیلیں ٹھونک دی گئیں۔ متاثرہ لڑکے کی والدہ کا کہنا تھا کہ ان کے
بیٹے کے ساتھ 3 پولیس اہلکاروں نے بدتمیزی کی بعد ازاں وہ اسے اپنے ساتھ لے گئے۔ انھوں نے بتایا کہ جب وہ بیٹے کے لیے پولیس چوکی پہنچی تو انھیں بتایا گیا کہ ان کے بیٹے کو کہیں اور لے جایا گیا ہے۔ ماں کا کہنا تھا کہ کافی دیر کی تلاش کے بعد انھیں ان کا بیٹا انتہائی زخمی حالت میں ملا جبکہ اس کے پیروں اور ہاتھوں پر کیلیں لگی ہوئی تھیں۔ رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ بریلی کے علاقے بارہ دری میں پیش ا?یا۔ خاتون کا کہنا تھا کہ جب انھوں نے پولیس والوں کی ہی شکایت کی تو بعد میں مذکورہ 3 پولیس اہلکاروں نے بیٹے کو اغوا کرنے کی دھمکی دی تھی۔ انھوں نے اعلیٰ حکام سے واقعے کی مکمل انکوائری اور انھیں انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب پولیس نے اپنے اوپر لگے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس پر یہ الزامات اصل چارجز سے بچنے کی کوشش ہے۔