ابوظہبی (آن لائن )متحدہ عرب امارات میں شوہر کیموبائل فون کی تلاشی لینا بیوی کو مہنگا پڑگیا۔ دبئی سے عرب میڈیا کے مطابق راس الخیمہ کی سول عدالت نے بیوی کو قصورار ٹھہراتے ہوئے جرمانہ کردیا۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ بیوی 5 ہزار 431 درہم جرمانہ شوہر
کو ادا کرے۔ واضح رہے کہ 5431 درہم پاکستان کے تقریباً 2 لاکھ 30 ہزار روپے کے مساوی ہیں۔ عدالتی حکم کے مطابق ملزمہ بیوی عدالتی کارروائی اور وکیلوں کے اخراجات ادا کرنیکی بھی پابند ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق خلیجی ملک کے باشندے نے اپنی عرب بیوی کیخلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔ پراسیکیوٹر جنرل کے مطابق مدعی شوہر نے اپنی بیوی پر ذاتی موبائل فون کی تلاشی لینے کا الزام لگایا تھا۔پراسیکیوٹر جنرل نے کہا کہ بیوی نے فون میں موجود پیغامات، تصاویر، ویڈیوز کو شوہر کی بدنامی کیلئے استعمال کیا۔ بیوی نے پیغامات، تصاویر اور ویڈیوز اپنے شوہر کے موبائل سے اسی کے گھر والوں کو بھیجیں۔ ملزمہ بیوی سائبر کرائمز کے قوانین کے تحت قصور وار پائی گئی۔ پراسیکیوٹر جنرل نے کہا کہ ملزمہ بیوی کے اقدام سے شوہر کی ساکھ کو اخلاقی، سماجی اور مالی نقصان پہنچا۔