اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے انکشاف کیا ہے کہ 60 کی دہائی کے اواخر میں جب والدصاحب کے ساتھ بزنس کے لئے جرمنی جانا شروع کیاتو دوسری جنگ عظیم کی تباہی کے باوجودوہاں کی تیز رفتار
ترقی نے بہت متاثر کیااورتبھی سے جرمن اورکسی حدتک روسی زبان سیکھنا شروع کی۔عربی کاشوق خاص طور پرقرآن پاک سمجھنے کے لیے تھا اوراس کا باقاعدہ کورس کیا، دریں اثنا حکومتی دعوئوں پرانہوںنے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) نے شرح ترقی 5.8 فیصد پر چھوڑی تھی اور عمران خان محض 3.9فیصد شرح ترقی دکھا رہے ہیں، اندازہ لگائیں، ہماری معیشت کس پاتال میں جاگری ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر لکھا ”یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک کے نمائندے نے اس پر اعتراض اٹھایا ہے کہ یہ عدد اصل سے زیادہ دکھایا گیا ہے۔ پی ٹی آئی نے اپنے پہلے سال میں اصل 1.9 فیصد کے عدد کو بڑھا چڑھا کر 3.3فیصد دکھایاتھا۔ اس سال بھی انہوں نے جھوٹ بولا۔”شہباز شریف نے کہا پی ٹی آئی نے منفی 0.4فیصد سے منفی 0.5 فیصد کے گزشتہ سال کے اپنے اعداد وشمار پر نظرثانی کی ہے، گزشتہ برس پاکستانیوں کی فی کس آمدن میں 3فیصد کمی آئی۔ غیرجانبدار معاشی ماہرین اس سال بھی پاکستانیوں کی حقیقی آمدن میں کمی ہونے کا بتا رہے ہیں۔