اسلام آباد(این این آئی)سوشل میڈیا سے مقبول ہونے والے ارشد خان المعروف ‘چائے والا‘ نے گزشتہ برس اسلام آباد میں اپنا کیفے قائم کیا تھا جس کا نام انہوں نے کیفے چائے والا رکھا تھا۔پاکستان میں اپنے کیفے کی 3 برانچز کھولنے کے بعد ارشد خان نے اب بیرون ملک کاروبار شروع کرنے کیلئے تیار ی شروع کر دی
ارشد خان برطانیہ کے شہر لندن میں اپنا کیفے کھولنے کے لیے تیار ہیں جو رواں برس کے اواخر میں کھلے گا۔فیس بک پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں ارشد خان نے لکھا کہ طاقت اور ترقی صرف مسلسل کوشش سے حاصل ہوتی ہے۔انہوں نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ انشااللہ رواں برس کے اواخر میں لندن میں ان کا پہلا کیفے کھلے گا۔خیال رہے کہ ارشد خان نے 10 اکتوبر کو کیفے چائے والا کے نام سے پہلا آؤٹ لیٹ اسلام آباد میں کھولا تھا۔ان کے کیفے کی دوسری برانچ جنوری 2021 میں کراؤن جیول مری میں کھولی گئی جبکہ تیسری برانچ گلبرگ گرینز میں ویلکم سینٹر میں کھولی گئی۔اب وہ لندن میں بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی حاصل کررہے ہیں اور لندن میں ان کا چوتھا اور پہلا انٹرنینشل آؤٹ لیٹ ‘کیفے چائے والا ارشد خان ‘ کے نام سے کھلے گا۔اس ضمن میں انہوں نے برطانیہ میں 10 آؤٹ لیٹس کھولنے کے لیے ماسٹر فرنچائز ایگریمنٹ کیا ہے اور وہ برطانیہ میں مقیم 2 کاروباری شخصیات کے اشتراک سے اپنا کیفے کھولیں گے۔