نئی دہلی (این این آئی)بھارت کی انتہا پسند تنظیم نے پاکستانی فنکاروں کو کام کی اجازت نہ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی ٹی وی چینل زی انٹرٹینمنٹ نے اپنے نئے منصوبے کے لیے ماہرہ خان، ثروت گیلانی، ثانیہ سعید، نمرہ بچہ، یاسرہ رضوی، عرفان کھوسٹ اور کنول کھوسٹ سمیت دیگر اداکاروں کو کاسٹ کیا۔اس حوالے سے زی تھیٹرز کی سوشل میڈیا پوسٹس میں کہا گیا تھا کہ ماہرہ خان، ثانیہ سعید، یاسرہ رضوی اور ثروت گیلانی یار جولائے
نامی داستان گوئی کے ایک منصوبے میں کہانی پڑھتی دکھائی دیں گی تاہم اب بھارتی سیاستدان راج ٹھاکرے کی جماعت مہاراشٹر نونیرمن سینا (ایم این ایس) نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کسی پاکستانی فنکار کو بھارت میں کام کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔رپورٹ کے مطابق ایم این ایس سینما ونگ کے صدر امیا کھوپکر نے کہا کہ ‘ہم ماہرہ خان اور دیگر کسی پاکستان فنکار کو مہاراشڑ یا ملک کے کسی بھی حصے میں کام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔