کراچی (این این آئی)پاکستانی اداکار و ہدایت کار عثمان مختار نے فلسطین میں جاری اسرائیلی حملوں کے تناظر میں اپنی ایوارڈ یافتہ مختصر فلم ‘بینچ’ کی ریلیز مؤخر کرنے کا اعلان کردیا۔عثمان مختار کی یہ فلم 20 مئی کو ریلیز ہونی تھی اور یہ اس وقت توجہ کا مرکز بنی تھی جب رواں برس کے آغاز میں انٹرنیشنل شارٹ ایوارڈز کے لیے اسے فائنلسٹ میں شامل کیا گیا تھا۔بینچ’ فلم نے نیویارک میں ہونے والے ساؤتھ شارٹ فلم فیسٹیول میں بہترین مختصر
فلم کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔اپنی مختصر فلم کی ریلیز مؤخر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے عثمان مختار نے انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ ہم اپنا کام آپ کو (مداحوں ) دکھانے کے لیے جتنے پْرجوش ہیں فلسطین میں ڈھائے جانے والے مظالم پر اس سے بھی زیادہ دکھی ہیں۔عثمان مختار نے مزید لکھا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں ہے اور ہمارے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو درپیش مشکلات کے باعث ہم نے فلم کی ریلیز مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔