کوئٹہ (این این آئی)بلوچستان میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات ملتوی کردئیے گئے۔کنٹرولر انٹرمیڈیٹ بورڈ نے بلوچستان بورڈ کے تحت 25 مئی سے شروع ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات ملتوی کیے جانے کی تصدیق کی ۔کنٹرولر نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات تیسری کورونا لہرکے
سبب ملتوی کیے گئے ہیں اور اب صوبے میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیاجائیگا۔دوسری جانب لاہورکورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر میڈیکل کالجز سمیت طبی تعلیمی ادارے اور ٹیچنگ ہسپتالوں کے آئوٹ ڈور زمزید ایک ہفتہ بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سرکاری، پرائیویٹ میڈیکل کالجز اور طبی تعلیم کے اداروں کو 23 مئی تک بند رکھا جائے گا، تعلیمی اداروں میں فیکلٹی، کلینیکل سٹاف سمیت ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈکس اپنی ڈیوٹی پر موجود رہیں گے تاہم کلاسز کا انعقاد نہیں کیا جائے گا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے امتحانات بھی 23 مئی تک نہیں ہوسکیں گے، تمام میڈیکل تعلیمی اداروں میں کھیلوں، ثقافتی اور دیگر تقریبات پر بھی پابند برقرار رہے گی۔ آنکھ ، ناک، کان، گلا ، دانتوں اور جلد ی امراض کے شعبوں کے آئوٹ ڈور بھی بند رہیں گے۔