اسلام آباد (این این آئی) تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر زاہد حسین کاظمی نے احسن اقبال کے بیان پر کہا ہے کہ تحریک انصاف کی مالیات کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی ابہام ہے نہ ہی اسکی شفافیت پر کوئی سوال۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف پاکستان میں ”سیاسی مالیات“کا نظم متعارف کروانے والی پہلی جماعت ہے۔ انہوں نے کہاکہ مالیات کی دیکھ بھال کیلئے
تحریک انصاف جدید اور پیشہ وارانہ خصوصیات کے حامل نظم کا سہارا لیتی ہے۔ زاہد حسین کاظمی نے کہاکہ تحریک انصاف اپنی آمدن و اخراجات کی تمام تفصیلات باضابطہ پڑتال کے ذریعے باقاعدگی سے الیکشن کمیشن میں جمع کرواتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی مالیات کی پڑتال کوئی نام نہاد ”ارسطو“نہیں بلکہ اے ریٹڈ آڈٹ فرم کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی مالیات کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی ابہام ہے نہ ہی اسکی شفافیت پر کوئی سوال۔انہوں نے کہاکہ احسن اقبال کو جس مقدمے کی یاد ستارہی ہے اس میں سے بھی انکے لئے سوائے شرمندگی کے کچھ برآمد نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اس مقدمے میں بھی تحریک انصاف الیکشن کمیشن کو مکمل معاونت فراہم کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ نون لیگی ”ارسطو“دانشوری جھاڑنے سے پہلے قوم کو نون لیگ کے مالیاتی معیار کے بارے میں بتائیں۔ انہوں نے کہاکہ احسن اقبال بتائیں کہ جماعتی کھاتوں کو منی لانڈرنگ کے لئے استعمال کرنے والوں کو کس نام سے مخاطب کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ قومی خزانے سے لیکر جماعت کے اکاؤنٹس تک ہر جگہ واردات کرنے والوں کو دوسروں کے دامن میں اپنے چہرے دکھائی دیتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ دوسروں پر الزام تراشیوں سے خود کو معصوم دکھانے کی کوششیں پہلے کامیاب ہوئیں نہ آئندہ ہوں گی۔