پشاور(این این آئی)عوامی نیشنل پارٹی نے این ٹی ایس اور ایف ٹی ایس کی من مانیوں اور اس مافیا کی جانب سے میرٹ کے قتل عام کے خلاف اسمبلی فلور پر جنگ لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتسابی ادارے ٹیسٹنگ مافیا کے خلاف فوری کارروئی کا آغاز کریں، پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دونوں ادارے میرٹ کا قتل عام کرنے اور خیبر پختونخوا کے نوجوانوں سے اربوں روپے ہتھیانے میں مصروف ہیں
جبکہ یہ مکروہ دھندہ حکمرانوں کی چھتری تلے کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر پیپرز آؤٹ کر کے طلباو امیدواروں کی تذلیل کی جا رہی ہے،دونوں ہاتھوں سے لوگوں کو لوٹنے کا دھندہ عروج پر ہے، انہوں نے کہا کہ اے این پی بارہا حکومت کی توجہ اس جانب مبذول کرا چکی ہے تاہم بادی النظر میں طلبا سے اربوں روپے لوٹنے کا سلسلہ حکومتی سرپرستی میں جاری ہے، انہوں نے کہا کہ ہم اسمبلی فلور پر صوبے کے نوجوانوں کی جنگ لڑیں گے،سردار حسین بابک نے احتسابی اداروں سے مطالبہ کیا کہ ان نام نہاد بلیک لسٹ اداروں کی ملکیت بارے تحقیقات کر کے قوم کو حقیقت سے آگاہ کریں، انہوں نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق 55ارب روپیہ صوبے کے نوجوانوں سے ہتھیایا جا چکا ہے، انکوائری کرائی جائے یہ پیسہ کہاں جا رہا ہے اور کس کو اس میں باقاعدہ کمیشن ادا کی جا رہی ہے؟ سردار بابک نے کہا کہ پیپر لیک کے معاملے پر ملک بھر کے طلبا سراپا احتجاج ہیں، نیشنل ٹیسٹنگ سروس متنازعہ ہوگئی، اسے مافیا کی طرز پر چلایاجارہاہے، یہ ادارہ ہمارے تمام تعلیمی نظام کا مذاق اڑانے کے ساتھ اپنی جیبیں بھررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیسٹنگ سسٹم میں میرٹ برائے فروخت کی تختی آویزاں ہے، این ٹی ایس کے نام پر مافیا اپنی جڑیں اس حد تک مضبوط کر چکا ہے کہ حکومت نا چاہتے ہوئے بھی مجبور ہے کہ تمام تر لوٹ کھسوٹ‘ کرپشن‘ بدعنوانیوں کے باوجود یہ ادارہ پاکستان کے تمام بے روزگار غریب عوام پر آئے روز تازیانے برساتا رہتا ہے۔