تہران(این این آئی)ایرانی عالم آیت اللہ حسینی نوری ہمدانی نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اسلامی جمہوریہ ایران کی طرف سے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آیت اللہ حسینی نوری ہمدانی نے ایران میں زیر تعلیم کشمیری طلباء کے ایک گروپ سے ملاقات کے دوران کہاکہ اگر وہ اپنے حقوق واگزار کرنا چاہتے ہیں تو انہیں شہادت اور جنگ کیلئے تیار رہنا
چاہیے۔ انہوں نے ایران کی حکومت اور عوام کی طرف سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے خاص طورپر کشمیری علماء پر زوردیا کہ وہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کیلئے تیار رہیں جیسے1979کے اسلامی انقلاب کے دوران ایرانی علماء مظاہروں میں پیش پیش رہے تھے۔ آیت اللہ حسینی نوری ہمدانی نے طلباء پر بھی زوردیا کہ وہ اس سلسلے میں حضرت امام حسین ؓ کی شہادت کی شاندار مثال اپنی ذہنوں میں رکھیں۔