اسلام آباد (این این آئی) ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے سینٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے کم ترقی یافتہ علاقوں کو بتایا ہے کہ یوٹیلٹی سٹور مختلف اداروں کا 7 ارب روپے کا مقروض ہے،خسارے میں ہونے کے باوجود یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن 6 ارب کا ٹیکس ادا کررہا ہے۔جمعرات کو سینٹ کی فنگشنل کمیٹی برائے کم ترقی یافتہ علاقوں کااجلاس ہوا جس میں ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے بتایاکہ
رمضان پیکج کے علاوہ حکومت کوئی سبسڈی نہیں دیتی۔انہوں نے کہاکہ سٹورز سبسڈی والے ماڈل کے تحت بنائے گئے مگر سبسڈی نہیں دی جارہی۔ انہوں نے کہاکہ یوٹیلٹی سٹور مختلف اداروں کا 7 ارب روپے کا مقروض ہے۔ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے کہاکہ خسارے میں ہونے کے باوجود یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن 6 ارب کا ٹیکس ادا کررہا ہے۔ایم ڈی یوٹیلٹی سٹور نے کہاکہ دیگر آؤٹ لیٹس پر پیپرا رولز کااطلاق نہیں ہوتا۔ فنکشنل کمیٹی نے کہاکہ یوٹیلٹی سٹورز لوگوں کو روزگار بھی دے رہا اور اربوں روپے کا ٹیکس بھی اداکررہاہے۔چیئر مین کمیٹی سینیٹر عثمان کاکڑ نے کہاکہ ہمیں پہلے یہ کسی نے نہیں بتایا کہ اربوں روپے کا ٹیکس اداکررہے ہیں،ہمیشہ کہا جاتا ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز نقصان کررہاہے یہ کوئی نہیں کہتا کہ اربوں روپے کا ٹیکس دیتا ہے۔چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ اگر یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو سہارا دیا جائے تو 150 ارب کا ٹرن اوور دے سکتا ہے۔ ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز نے کہاکہ ماضی میں یوٹیلٹی سٹورز میں ایک دن میں 900 لوگ بھرتی کئے گئے ہیں۔کمیٹی نے ٹیکسز کے معاملے پر آئندہ اجلاس میں پیپرا اور ایف بی آر کو طلب کرلیا۔