اسلام آباد (این این آئی)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے ڈالر کی قیمت میں اضافے کے اصل حقائق پارلیمان میں پیش کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ دن بہ دن روپے کی قدر میں کمی انتہائی تشویشناک ہے۔ایک بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ ڈالر کی اڑان تشویشناک ہے، دن بہ دن روپے کی قدر میں کمی انتہائی تشویشناک ہے۔شیری رحمان نے کہاکہ ملک میں تشویشناک اور بحرانی صورتحال ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال پر کوئی جواب دینے کے لئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ لوگ ایوانوں میں
آکر ہیڈ فون پہن کر لفظوں پر پابندی عائد کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کو چور ڈاکو کہنے سے فرصت ہو تو معیشت چلائیں۔ انہوں نے کہاکہ لوگ سوال پوچھ رہے ہیں کہ پاکستان کو کون چلا رہا ہے؟۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے کاروباری طبقے میں خوف و ہراس پیدا کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈیٹ کمیشن میں کوئی معاشی ماہر شامل نہیں۔شیری رحمان نے کہاکہ ہمت ہے تو کمیشن سن 2000 سے انکوائری کرے جب خسارے شروع ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ اصل حقائق تک پہنچنے کی بجائے انتقامی سیاست کی جا رہی ہے۔