لاہور(نیوز ڈیسک)بھارت نے کشن گنگا پن بجلی منصوبے پر پاکستانی اعتراضات دور کرنے کے لیے معائنے کی اجازت دیدی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان نے بھی کوٹری بیراج پر نئی دہلی کے تحفظات دور کرنے کی غرض سے معائنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق اس حوالے سے بتایا گیا کہ سندھ طاس معاہدے (آئی ڈبلیو ٹی) کے تحت دونوں ممالک کے حکام جلد ایک دوسرے کے ملک کا دورہ کریں گے۔واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے
مستقل انڈس کمیشن کے درمیان آبی تنازع کے معاملے پر 2 روزہ مذاکرات 29 اور 30 اگست کو لاہور میں ہوئے جس کے 115ویں اجلاس میں پاکستان نے زور دیا تھا کہ بھارت دریائے جہلم پر تعمیر دیگر منصوبوں کے علاوہ کشن گنگا پن منصوبے کا خصوصی دورہ کرائے جو کہ 2014 سے زیر التوا ہے۔دستاویزات کے مطابق پہلے پاکستانی وفد رواں سال ستمبر کے آخری ہفتے میں بھارتی منصوبوں کا معائنہ کرے گا اور اس کے بعد بھارتی وفد کوٹری بیراج کا جائزہ لے گا۔