لاہور( این این آئی) نامزد گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور 5ستمبر کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے جس کیلئے مہمانوں کو دعوت نامے ارسال کئے جارہے ہیں۔ عام انتخابات میں کامیابی کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے چوہدری محمد سرور کو گورنر پنجاب کے عہدے کیلئے نامزد کیا گیا تھا ۔ چار ستمبر کو صدارتی انتخاب میں بطور سینیٹر ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے
چوہدری محمد سرور کی جانب سے گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف نہیں اٹھایا گیا تاہم اب وہ چار ستمبر کو ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد سینیٹر شپ سے استعفیٰ دیدیں گے اور اگلے روز گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ گورنر پنجاب کی تقریب حلف بردار ی کے لئے اعلیٰ حکومتی و عسکری شخصیات اور سیاسی رہنماؤں کو دعوت نامے ارسال کئے جارہے ہیں ۔