اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان ایک بار پھر دھماکے سے گونج اٹھا ہے اور چمن کے علاقے مال روڈ پر موٹر سائیکل کنٹرول بم کا دھماکہ کیا گیا ہے جس کے بعد علاقے سے فائرنگ کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چمن کی مال روڈ پر ایک دکان کے سامنے کھڑے موٹر سائیکل میںدھماکہ خیز مواد کے ذریعے ریموٹ کنٹرول بم کا دھماکہ کیا گیا ہے۔ دھماکے میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی
کوشش کی گئی ہے، دھماکے سے قریبی عمارتوں اور دکانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ وہاں کھڑی کئی گاڑیاں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ علاقے کو ہر طرح کی آمدورفت کیلئے بند کر دیا گیا ہے ۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں جبکہ واقعہ میں زخمی ہونے والے 4افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔