ممبئی (این این آئی)بھارتی ریاست راجستھان کی ہائیکورٹ کے ججز نے فلم پدماوت کی کمرہ عدالت میں اسکریننگ کا حکم دیدیا ٗججز فلم کو دیکھنے کے بعد ریاست میں اس کی نمائش کے حوالے سے کوئی فیصلہ کریں گے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم پدماوت بھارت کی متنازع ترین فلم ہے جس کی نمائش پر کئی ریاستوں میں اب بھی پابندی ہے تاہم اس کے باوجود یہ اب تک 166 کروڑ سے زائد کی کمائی کر چکی ہے۔
راجستھان میں فلم کی نمائش پر پابندی کے خلاف ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی نے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا اور فلم کی نمائش پر پابندی ہٹانے اور سنیما گھروں کو تحفظ فراہم کرنے درخواست کی تھی۔بھارتی میڈیا کے مطابق فلمساز کی درخواست پر راجستھان ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ ریاستی حکومت 9 فروری کو عدالت میں فلم کی اسکریننگ کے انتظامات کرے جس کے بعد فلم کی نمائش کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔
فلم پر پابندی کے حوالے سے ریاستی حکومت نے عدالت میں کہا کہ فلم کی نمائش سے ریاست میں پرتشدد احتجاج کا خطرہ ہے لیکن ہائی کورٹ نے حکومتی اعتراض کو مسترد کردیا۔یاد رہے کہ فلم پدماوت کے تنازع میں راجستھان سب سے زیادہ متاثرہ ریاست رہی ہے جس کی وجہ وہاں کرنی سینا کا زیادہ اثرو رسوخ ہے جب کہ فلم کی کہانی بھی راجستھان کے چتوڑ گڑھ کے شاہی خاندان کے گرد گھومتی ہے۔