لاہور (این این آئی ) معروف فوک گلوکار عارف لوہار نے کہا ہے کہ دین سے دوری نے ہمارے لئے بے شمار مسائل پیدا کردئیے ہیں ، آج معاشرے میں جو برائیاں فروغ پارہی ہیں اس کی بڑی وجہ یہی ہے کہ ہم نے صحیح طریقے سے دین پر عمل کرناچھوڑ دیا ہے جس کا خمیازہ ہمیں بھگتنا پڑرہا ہے ۔ا نہوں نے کہا کہ ہمارے قول وفعل میں تضاد ہے ایک دوسرے کے خلاف بلاوجہ محاذ آرائی کرنا ہمارا قومی کھیل بن چکا ہے ۔
مہذب معاشرے میں کسی کی عزتیں نہیں اچھالی جاتیں مگریہاں معاملہ بالکل برعکس ہے ۔ انہوںنے کہا کہ معاشرے میں ہونے والی برائیوں میں کچھ نہ کچھ ہاتھ ہمارا ہے آج معاشرے کا ہر فرد صرف اپنی ذات کو ہی ٹھیک کرنا شروع کردے تو بہت ساری مصیبتوں اور پریشانیوں سے نجات حاصل کرسکتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ میں زیادہ تر صوفیانہ کلام اس لئے پڑھتا ہوں کہ اس میں لوگوں کیلئے ایک سبق ضرور ہوتا ہے اور صوفی بزرگوں نے بھی معاشرے میں امن قائم کرنے کیلئے بہت خوبصورت کلام لکھا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ آج کے دن سے ہم سب کو اپنے آپ سے عہد کرنا چاہیے کہ ہم کسی دوسرے پر انگلی اٹھانے سے پہلے خود کو ٹھیک کریں ۔