اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم پدماوتی آغاز سے ہی تنازعات کا شکار رہی اور اب اپنی ریلیز پر پدماوتی نے پورے بھارت میں آگ لگا دی ہے،بھارت کی متعدد ریاستوں میں پدماوتی ریلیز ہوتے ہی ہنگامے پھوٹ پڑے ہیں اور ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے ملک بھر میں جلائو گھیرائو کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی سینسر بورڈ نے پدماوتی ریلیز کرنے کی اجازت دیدی تھی۔ بھارت کی چار بڑی ریاستوں راجستھان، مدھیہ پردیش، گجرات اور بہار میں فلم کی
ریلیز پر پابندی عائد ہے جبکہ دوسری جانب بھارت کے شہر گرگام میں مشتعل مظاہرین نے سکول بس پر حملے کر کے اسے شدید نقصان پہنچایا جس کی وجہ سے سکولوں میں آج عام تعطیل کا اعلان کرنا پڑ گیا۔ بھوپال میں مشتعل مظاہرین نے احتجاج کے دوران گاڑی کو آگ لگادی، راجستھان اودے پور میں مشتعل مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے دکانیں بند کرادیں جب کہ لوگ فلم کی ریلیز کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔ احمد آباد میں پیرا ملٹری فورسز اور پولیس کو تعنیات کیا گیا ہے۔