ممبئی(این این آئی) بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ نے اپنی نئی فلم کے لئے منفرد روپ دھار کر مداحوں کو حیران کردیا۔بالی ووڈ میں منفرد شناخت بنانے والے اداکار رنویر سنگھ ہمیشہ کچھ نہ کچھ نیا کرتے رہتے ہیں، وہ اکثر اپنی فلموں میں نئے روپ میں نظر آتے ہیں اور مداحوں کو حیران کردیتے ہیں جب کہ وہ فلموں میں اپنی جاندار اداکاری کی وجہ سے ہر نئے کردار میں سب کی توجہ کا مرکز بنے رہتے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ نے فلمساز زویا اختر کی نئی فلم ’’گلی بوائے‘‘ کی شوٹنگ شروع کردی ہے جس میں عالیہ بھٹ بھی ان کے ساتھ مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔ فلم ’’پدماوت‘‘ میں رنویر سنگھ نے علاؤالدین خلجی کے کردار کے لئے جہاں اپنا وزن حیرت انگیز طور پر بڑھایا وہیں ان کی نئی آنے والی فلم ’’گلی بوائے‘‘ کے لئے انہوں نے اپنا وزن 20 کلو کم کیا ۔
جس سے لگتا ہے کہ انہوں اس کے لئے بھی کڑی محنت کی ہے۔رنویر سنگھ نے ٹویٹر اور انسٹاگرام پر اپنے نئے روپ کی تصویر پوسٹ کی ہے جس نے ان کے مداحوں کو حیران کردیا اور تصویر کو اب تک لاکھوں لوگ لائک کرچکے ہیں، رنویر کے مداحوں میں سے کسی نے ان کے نئے روپ کو پسند کیا تو کسی نے ناگواری کا اظہار کیا۔فلم ’’گلی بوائے‘‘ کی کہانی کی بات کی جائے تو یہ ایک ایسے لڑکے کے بارے میں ہے جو بستی میں پلا بڑا ہے اور بڑا ہو کر ایک ریپر بن جاتا ہے۔