کراچی(این این آئی)سال 2017ء کے آخری جمعہ کو ریلیز ہونے پاکستانی فلم ’چھپن چھپائی‘ فلم بینوں کو بھا گئی ۔فلم تین ہفتوں میں تین کروڑ سے زیادہ کا بزنس کر چکی ہے ۔ یعنی ہر ہفتے ایک کروڑ کا بزنس۔گو کہ اسے نئے سال کی پہلی فلم ’پرچی‘ سے جو چار کروڑ کا بزنس کر چکی ہے، سخت مقابے کا سامنا ہے لیکن ہلکی پھلکی کہانی اور احسن خان اور نیلم منیر کی شاندار اداکاری کی بدولت فلم ابھی تک باکس آفس پر
رش لے رہی ہے۔فلم کی پروموشن کمپنی ’اسٹار لنکس ‘ کے ہیڈ تراب علی رمزی نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ فلم کی ایک اور کامیابی یہ ہے کہ اسے ملکی سطح پر ایک بڑے فلمی مقابلے کے طور پر شمار ہونے والے ’لکس اسٹائل ایوارڈ ‘کے لئے نامزد کر لیا گیا ہے۔ایوارڈز کی تقریب فروری میں لاہور میں ہو گی۔ فلم کو ایک سے زائد کیٹیگریز میں نامزدگی ملی ہے۔ سب سے بڑی نامزدگی سال 2017ء کی ’بہترین فلم ‘
کی کیٹیگری ہے۔احسن خان، نیلام منیر اور علی رضوی کو بہترین اداکار، بہترین اداکارہ اور معاون اداکار نامزد کیا گیا ہے۔محسن علی کو’ بہترین ڈائریکٹر ‘ کے طور پر نامزد کیا گیا ہے جبکہ عدنان دھول اور عائمہ بیگ کو فلم کے بہترین گانے’’ صدقہ‘‘ کے لیے بہترین گلوکار کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔