لاہور (این این آئی )گلوکار عدیل برکی نے کہا ہے کہ گلوکاری کے ذریعے پوری دنیا میں پاکستان کو شناخت کروانا میرے لیے اعزاز ہے ، فنکار کسی بھی ملک کا سفیر ہوتا ہے اور میں نے دنیا بھر میں گلوکاری کے ساتھ اس فرض کو بھی پورا کیا اور پوری دنیا میں پاکستان کا روشن چہرہ اجاگر کرتے ہوئے لوگوں کو بتایا کہ پاکستان امن پسند اور باوفا دوست ہے جس نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری دنیا میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی کسی ملک میں آفت آتی ہے تو پاکستان نے بلا امتیاز انکی مدد کے لئے سب سے پہلے عملی اقدامات اٹھائے جس کی پوری دنیا گواہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنا چاہتے ہیں اور پڑوسیوں سے امن کے ساتھ رہنا ہماری دیرینہ خواہش ہے مگر بعض شرپسند عناصر ہمارے ملک میں دہشت گردی کر کے بے گناہوں کو اپنا نشانہ بناتے ہیں اس کے لئے پوری دنیا کو ہمارا ساتھ دینا چاہیے ۔