لاہور(این این آئی) اداکارہ وماڈل ارمینا رانا خان نے کہا ہے کہ بطوراداکارہ میری بھی یہ اولین چوائس ہوتی ہے کہ میں ایسے کرداروں کا انتخاب کروں۔اپنے ایک انٹرویو میں ارمینا رانا خان نے کہا کہ میرے نزدیک ورسٹائل فنکار وہی ہے جوکرداروں کوادا کرتے ہوئے ان میں حقیقت کے رنگ بھرنا جانتا ہو۔
وہ ہنسے تو سب ہنسیں، وہ سنجیدہ دکھائی دے توپھرماحول سنجیدہ ہوجائے۔ بس ایسے ہی فنکارمیرے آئیڈیل ہیں اوروہ مجھ جیسے بہت سے فنکاروں کیلیے اکیڈمی کا درجہ رکھتے ہیں۔اداکارہ نے کہا کہ پاکستان کے شاندارماضی کی بات کریں توبہت سے فنکارایسے تھے جواپنی بے مثل اداکاری سے کرداروں میں حقیقت کے رنگ بھرتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم جب فلم اور ڈرامے کے ماضی کا تذکرہ کرتے ہیں توایسے بہت سے فنکاروں کی بات ہوتی ہے، جن کے کردارآج بھی ہمیں یاد ہیں جب کہ موجودہ دورمیں اگرفلم اورٹی وی کی بات کریں تو بہت سے خوبصورت فنکاران کا حصہ ہیں اوربہت سا کام ہر روز سلور اور ٹی وی اسکرین پردکھائی دے رہا ہے۔ارمینا رانا خان نے کہا کہ نوجوان فنکاروں میں کچھ بہت ٹیلنٹڈ ہیں اورکچھ وقت کے ساتھ ساتھ اپنے کام کونکھار رہے ہیں۔ جس سے میں یہ بات کہہ سکتی ہوں کہ جس طرح ہمارا ماضی بہت یادگار ہے، اسی طرح مستقبل بھی روشن دکھائی دے رہا ہے۔ بس ضرورت اس بات کوسمجھنے کی ہے کہ ہمیں اپنے کرداروں کواپنی صلاحیتوں کے بل پرایسا یادگاربنانا ہے، جس کولوگ برسوں یاد رکھ سکیں۔اداکارہ نے کہاکہ بطوراداکارہ میری بھی یہ اولین چوائس ہوتی ہے کہ میں ایسے کرداروں کا انتخاب کروں، جن سے مجھے ایک الگ شناخت مل سکے۔ اس سلسلہ میں اب تک جو بھی کام کیا ہے، اس پرخاصی مطمئن ہوں اورمزید بہترکام کرنے کی جستجومیں لگی ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں ارمینا رانا خان نے کہا کہ نئے سال میں کچھ منفرد پروجیکٹس کا حصہ بنوں گی، لیکن ان کے بارے میں کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ مگراتنا بتا سکتی ہوں کہ شائقین فلم اورٹی وی ڈراموں کے ناظرین کو منفرد اورجاندارکرداروں میں نظرآؤں گی۔