لندن(این این آئی) بھارتی اداکار سلمان خان کو برطانوی پارلیمنٹ میں ’’گلوبل ڈائیورسٹی ایوارڈ 2017‘‘ سے نواز دیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کو بھارتی فلم انڈسٹری میں بطور اداکار، پروڈیوسر، ٹی وی آرٹسٹ، گلوکار اور فلاح انسانیت کے حوالے سے خدمات انجام دینے پر اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ برطانوی پارلیمنٹ کے بھارتی نژاد رکن کیتھ واز نے سلمان خان کو ایوارڈ پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سلمان
خان دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں کے رول ماڈل اور ہیرو ہیں۔سلمان خان نے اس ایوارڈ کو اپنے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرے والد کو کبھی بھی یہ یقین نہیں تھا کہ میں کبھی یہ مقام حاصل کرسکوں گا، میں اپنے مداحوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے پیار دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے متعدد فلمی ایوارڈز اپنے نام کیے ہیں تاہم یہ ایوارڈ میرے لیے انتہائی اہم ہے۔خیال رہے کہ فلم انڈسٹری کے ساتھ ساتھ سلمان خان فلاحی سرگرمیوں میں بھی خاصے سرگرم رہتے ہیں۔ ماضی میں امیتابھ بچن، ایشوریا رائے، جیکی چن، بنگلا دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد اور دیگر شخصیات کو بھی اس ایوارڈ سے نوازا جاچکا ہے۔