اسلام آباد (این این آئی)پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)نے ’’اردو 1‘‘ ٹی وی چینل پر مؤرخہ 5 جولائی 2017ء کو انڈین ڈرامے جن کے نام ’’ساتھ نبھانا ساتھیا‘‘ ، ’’یہ ہیں محبتیں‘‘، ’’نام کرن ‘‘، یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے ‘‘ اور’’ عشق باز‘‘ ہیں نشر کرنے پر اظہار وجوہ نوٹس جاری کر تے ہوئے پانچ روز میں جواب طلب کر لیاہے۔
’’اردو1‘‘ کا مذکورہ اقدام پیمرا اتھارٹی کے 19اکتوبر 2016ء کے فیصلے کی صریحاً خلاف ورزی ہے جس کی تحت تمام نجی ٹی وی چینلزپر انڈین مواد نشر کرنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔ بعد ازاں میسرز ہورائزن میڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کواتھارٹی کے مذکورہ فیصلے سے اُسی روز آگاہ کر دیا گیا تھا ۔ پیمرا نے مذکورہ خلاف ورزی پر’ ’اردو۔1‘‘کی انتظامیہ سے پانچ روز یعنی 11جولائی 2017ء دوپہر بارہ بجے تک جواب طلب کر لیا ہے نیز چینل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو بھی مذکورہ تاریخ پر ذاتی شنوائی کے لئے طلب کیا ہے۔