کیلی فورنیا(این این آئی) آسکر ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے نے نائٹ انٹرنیشنل جرنلزم ایوارڈ 2017 اپنے نام کروا لیا ہے۔شرمین عبید چنائے کو یہ اعزاز گزشتہ دو دہائیوں سے دنیا بھر کی رپورٹنگ کرنے کے باعث دیا گیا۔ اس ایوارڈ کا اعلان امریکی شہر واشنگٹن ڈی سی میں قائم انٹرنیشنل سینٹر فار جرنلسٹ (آ ئی سی ایف جے) کی جانب سے کیا گیا،
جنہوں نے شرمین عبید کو اپنے بے مثال کام سے دنیا میں مثبت تبدیلی لانے کی کوششوں کے لیے سراہا۔اس ایوارڈ کو جیتنے پر شرمین عبید چنائے نے کہا کہ ’میرے لیے نائٹ انٹرنیشنل جرنلزم ایوارڈ جیتنا بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔ میں نے 14 سال کی عمر میں پاکستان کے اخبارات کے لیے لکھنا شروع کیا، میں نے اپنے کیریئر میں ایسی کہانیوں پر تحقیق کی جو لوگوں کو دل کی گہرائیوں سے بے چین تو کردیں، لیکن ساتھ یہ امید بھی رہے کہ اس تحقیق سے ایک ایسی گفتگو کا جنم ہو جو لوگوں کے ایسے روئیوں کو تبدیل کردیں۔واضح رہے کہ شرمین عبید کا انتخاب اس ایوارڈ کے لیے ان کی پاکستان میں غیرت کے نام پر قتل کیے جانے جیسے کہانیوں کو سامنے لانے پر کیا گیا۔