لاہور (ا ین این آئی) گلوکارہ سائرہ ارشد سنجیدگی سے وزیر اعظم بننے کی دوڑ میں مصروف ہو گئیں ، اپنا منشور لکھوانا شروع کر دیا ، عنقریب ملک کی سیاسی جماعتوں سے رابطہ مہم شروع کرنے کے عزم کا اظہار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق گلوکارہ سائرہ ارشد نے اپنے خواب میں خود کو وزیر اعظم دیکھنے کے بعد حقیقی طور پر بھی وزیر اعظم بننے کی دوڑ شروع کر دی ہے ۔
اس سلسلے میں گلوکارہ نے اپنے سیاسی منشور کو حتمی شکل دینے کے لئے اس کے مسودے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں اور عنقریب سیاسی رہنمائوں سے ملاقاتوں کی خواہشمند ہیں ۔ سائرہ ارشد نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ حقیقت میں اس ملک کی وزیر اعظم بننے کی منصوبہ بندی شروع کر چکی ہیں ۔ پاکستان میں محترم بے نظیر بھٹو پہلی خاتون وزیر اعظم بنی تھیں اور اب میری باری ہے ۔ جب بھارت میں اندرا گاندھی ، سری لنکا ، بنگلہ دیش میں خاتون وزیر اعظم بن سکتی ہے تو پھر میں کیوں نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں آزاد حیثیت سے منتخب ہو کر وزیر اعظم بنوں گی ، جلد پریس کانفرنس کر کے اپنے سیاسی منشور کا اعلان کروں گی ۔