لاہور ( این این آئی ) بھارتی شہریوں نے بھی انڈیا میں بننے والی ڈرامہ سیریل ’’ ناگن ‘‘ کے مقابلے میں پاکستانی ڈرامہ سیریل ’’ ناگن ‘‘ کو بہترین قرار دیدیا ۔ سوشل میڈیا کے ذریعے بھارتی شہریوں نے اعتراف کیا کہ رائٹر افتخار عفی کی لکھی ہوئی
ڈرامہ سیریل ’’ ناگن ‘‘ بھارتی ڈرامہ سیریل کے مقابلے میں بہت بہتر ہے اور اس میں تمام اداکاروں نے بہترین اداکاری کا مظاہرہ کیاہے ۔ اس سے قبل بھارتی ہدایتکارہ ایکتا کپور نے کہا تھا کہ پاکستان اور انڈونیشیا میں بننے والی ڈرامہ سیریل میری ڈرامہ سیریل ’’ ناگن ‘‘ کی کاپی ہے مگر اب بھارتی شہری بھی اس بات کو ماننے پر مجبورہو گئے ہیں کہ پاکستانی ڈرامہ سیریل ’’ ناگن ‘‘ کا ہماری ڈرامہ سیریل سے کوئی مقابلہ نہیں ۔ پاکستانی ڈرامہ سیریل میں اداکارہ شین ’’ ناگن ‘‘ کا کردار ادا کر رہی ہیں جبکہ دیگر اداکاروں میں ریشم ، جاناں ملک ، جیا درانی ، صائمہ سلیم ، شاہان علی ، تنویر ملک ، عائشہ اور ماریہ بنگش شامل ہیں ۔ یہ پاکستان کی سب سے مہنگی ڈرامہ سیریل ہے جو ہر پیر سے جمعہ روزانہ آٹھ بجے نجی ٹی وی چینل سے آن ائیر ہوتی ہے اور اس کے پروڈیوسر بابر جاوید ، عرفان گاجی ، رائٹر افتخار عفی اور ڈائریکٹر شاہ بلال ہیں ۔ اس حوالے سے ڈرامے کے رائٹر افتخار عفی نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل ’’ ناگن‘‘ کے نام سے پاکستان اور بھارت میں فلمیں بن چکی ہیں جبکہ ’’ ناگن ‘‘ کے نام سے ڈرامہ سیریل پہلی مرتبہ بنی ہے اور اس کہانی میں اس بات کا خصوصی خیال رکھا گیا ہے کہ کوئی ایک جملہ بھی بھارتی ڈرامہ سیریل سے ملتا جلتا نہ ہو۔