ممبئی(این این آئی) شاہ رخ خان بالی ووڈ کے واحد سپر اسٹار ہیں جنہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز چھوٹی اسکرین یعنی ٹی وی سے کیا تھا اور فلموں میں کامیابی کے بعد بھی انہوں نے کچھ شوز کی میزبانی کے فرائض انجام دیئے یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ایک مرتبہ پھر ٹی وی کے ذریعے اپنے مداحوں کو محظوظ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان اب چھوٹے پردے پرجلوہ گر ہونے جارہے ہیں جہاں وہ ایک کانفرنس ’’ٹیڈ ٹاکس‘‘ کی میزبانی کریں گے۔ اداکار کا اپنے میزبان بننے پرکہنا تھا کہ جس کانفرنس کا میں حصہ بننے جارہا ہوں وہ معاشرے میں تبدیلی کے حوالے سے بھی بہت اہم ہے جہاں بات چیت سے بہت سی نئی چیزیں رونما ہوتی ہیں۔اداکار نے کانفرنس کے حوالے سے کہا کہ یہ کانفرنس نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھرکو متاثر کرے گی کیونکہ مجھے وہ تمام چیزیں پسند ہیں جن سے انسان معلومات حاصل کرسکے، میں اس کانفرنس کا بطور مقرر حصہ بھی بننا چاہوں گا، مجھے کانفرنس کے تمام ہی مرحلے بے حد پسند ہیں جب کہ خود کو میزبان کا سوچ کر مجھے بہت اچھا لگ رہا ہے۔واضح ر ہے کہ اداکار اس سے قبل بھی بھارت کے مایہ ناز شو ’’کون بنے گا کروڑپتی‘‘ میں میزبانی کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔