اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہورہائیکورٹ نے پاکستانی سینما?ں میں بھارتی فلموں کی نمائش سے متعلق سنسر بورڈ کا نوٹیفکیشن آئندہ ہفتے طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار سینئر اداکار افتخار ٹھاکر نے ایڈووکیٹ اشتیاق چوہدری کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ بھارت کشمیریوں پرحملہ کر رہا ہے اور پاکستان میں بھارتی انڈسٹری کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ حکومت کشمیریوں سے حمایت کے لیے دوغلی پالیسی جاری رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش کشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترداف ہے۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ کشمیر کی آزادی تک بھارتی فلموں کی پاکستان میں نمائش پر پابندی لگائی جائے۔ درخواست میں صوبائی اور وفاقی حکومت سمیت سنسر بورڈ کو فریق بنایا گیا ہے۔ عدالت نے درخواست گزار کو آئندہ ہفتے سنسر بورڈ کا نوٹیفکیشن طلب کر لیا ۔