اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) بھائی کے ہاتھوں قتل ہونیوالی متنازعہ ماڈل قندیل بلوچ نیجتنی جلدی شہرت پائی اتنی ہی جلدی موت کی وادی میں بھی اتر گئیں، ہر انسان کی طرح قندیل کی بھی خواہش تھی کہ وہ مشہور ہوجائیں، ان کی یہ خواہش تو پوری ہوگئی لیکن ایک اور خواہش جو پوری ہونے میں چند دن باقی تھے وہ اس سے محروم رہ گئیں۔ قندیل بلوچ لاہور میں سٹیج ڈرامہ کرنے کی خواہشمند تھیں لیکن زندگی نے مہلت نہ دی اور ملتان میں اپنے آبائی گھر میں ہی موت کی آغوش میں چلی گئیں ۔نجی اخبار کے مطابق قتل سے ایک روز قبل ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے قندیل بلوچ نے بتایا کہ سخی سرور سے ڈرامہ اور نئے گھر کے بارے میں معاملات طے پا گئے تھے جس کے تحت جمعہ کو قندیل بلوچ کو’ یا میر ا’کے عنوان سے سٹیج ڈرامہ کرنا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ پروڈیوسر ملک طارق نے کینٹ کے تھیٹر میں ڈرامہ کرنے کا معاہدہ بھی کیا تھا۔ ڈرامہ پروڈیوسر قیصر ثنا اللہ خان نے بتایا قندیل بلوچ ، نرگس کے ساتھ ڈرامہ کرنے کی خواہشمند تھی لیکن اسے وقت ہی نہ ملا۔