ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی گلوکار ابھیجیت بھٹہ چاریہ کے خلاف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر خاتون صحافی کو مغلظات بکنے پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔بھارتی گلوکار ابھیجیت بھٹہ چاریہ اپنی آواز کی بجائے اپنی متنازعہ شخصیت کی وجہ سے مشہور ہیں اسی لیے آئے روز اپنے متنازع بیانات کے باعث میڈیا کی شہ سرخیوں میں رہتے ہیں لیکن اب سماجی رابطے کی وب سائٹ ٹوئٹر پر بھی تنازع کھڑا کردیا ہے جس پر انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ابھیجیت بھٹہ چاریہ پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر خاتون صحافی کو مغلظات بکنے اور خواتین پرسر عام اشتعال انگیزی کے جرم میں ممبئی کے سائبر کرائم سیل میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمے کی درخواست عام آدمی پارٹی کی خاتون رہنما پریتی شرما کی جانب سے دی گئی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ٹوئٹر پر گلوکار نے خاتون صحافی کے لیے نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہوئے سر عام خواتین کے لیے اشتعال انگیزی کی لہٰذا گلوکار کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔