لاہور ( نیوز ڈیسک) ٹی وی کی معروف اداکارہ سعدیہ امام نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹی وی ڈرامہ اپنی تاریخ کے سب سے سنہری دور سے گزر رہا ہے اور کراچی میں ڈرامہ ایک انڈسٹری کی صورت اختیار کر چکا ہے ۔ ” این این آئی“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت کراچی میں ایک سو کے قریب ڈرامہ سیریل بن رہی ہیں اور تقریباً چالیس سے زیادہ ڈرامہ سیریل مختلف نجی ٹی وی چینلز سے آن ائیر ہیں اور یہ اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان میں ٹی وی ڈرامہ اپنا مضبوط مقام بنا چکا ہے ۔ سعدیہ امام نے کہا کہ میری دلی خواہش ہے کہ جس طرح ہماری ڈرامہ انڈسٹری نے بھارتی ڈراموں کو مات دی ہے اسی طرح ہماری فلم انڈسٹری بھی ایک مضبوط ستون کی صورت اختیار کر کے بھارتی فلموں کا جم کا مقابلہ کرے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت کراچی ڈرامہ انڈسٹری کی صورت اختیار کر چکا ہے اور مجھے امید ہے کہ بہت جلد کراچی فلم انڈسٹری کا بھی سب سے بڑا مرکز بن جائے گا ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ رواں سال کراچی سے 12کے قریب فلمیں ریلیز ہوں گی ۔