ممبئی(نیوز ڈیسک) بالی ووڈ میں سنجو بابا کے نام سے مشہور اداکار سنجے دت نے جیل میں خود سے بدتر سلوک کا اعتراف کرلیا ہے۔بالی ووڈ اداکار سنجے دت گزشتہ دنوں پونے کی یارواڈا جیل سے اپنی ساڑھے تین سال قید کی سزا کاٹ کر رہا ہوئے ہیں جس پر فلمی دنیا میں خوشی کا اظہار کیا گیا تھا جب کہ کچھ حلقوں کی جانب سے سنجے دت کی جیل میں قید کے دوران مراعات اور جلد رہائی کے اقدام کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے جس کے بعد اب سنجو بابا نے جیل میں خود سے برتے جانے والے سلوک سے پردہ کشائی کی ہے۔اپنے انٹرویو میں سنجے دت کا کہنا تھا کہ جیل میں قید کے دوران تلخ تجربات کا سامنا کرنا پڑا ہے جس سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے اور جیل میں قید کے دوران صبح کا آغاز گھر والوں کی یاد میں رو کر کرتا تھا جب کہ قید کے دوران مجھے کبھی بھی خصوصی پروٹوکول نہیں دیا گیا بلکہ عام قیدیوں کی طرح سلوک کیا جاتا تھا یہی نہیں مجھے جو کھانا دیا جاتا تھا وہ بھی مضر صحت ہوتا تھا۔واضح رہے کہ 25 فروری کو اداکار سنجے دت کی سزا میں کمی کرتے ہوئے پونے کی یارواڈا جیل سے رہا کردیا گیا تھا۔