لاہور (نیوز ڈیسک )شادی کو زندگی کا سب سے اہم بندھن مانا جاتا ہے جس کے بغیر زندگی نامکمل تصور ہوتی ہے۔پاکستان کی گلوکارہ عینی خالد اور اداکار وی جے محسن عباس نے آخرکار اپنی اپنی زندگی کا ساتھی تلاش کرلیا ہے (واضح رہے کہ ان دونوں نے ایک دوسرے سے شادی نہیں کی)۔پاپ گلوکارہ عینی خالد کی شادی کی تقریب گزشتہ روز لاہور میں ہوئی، اس موقع پر عینی روایتی لال رنگ کے عروسی جوڑے میں نہایت خوبصورت نظر آئیں۔عینی کو 2006 میں ان کی پہلی البم ’پرنسز‘ ریلیز ہونے کے بعد شہرت ملی۔ ان کے گانے ’ماہییا‘ اور ’پرنسز‘ اپنے وقت کے مقبول ترین گانوں میں شامل تھے۔اسی مقبولیت سے متاثر ہوکر بولی وڈ پروڈیوسر مہیش بھٹ اور مکیش بھٹ نے ان کے گانے ’ماہییا‘ کو اپنی فلم ’آوارہ پن‘ میں شامل کیا تھا جس کے بعد عینی کے پرستاروں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔عینی گزشتہ کئی برسوں سے گلوکاری سے دور ہیں تاہم ایسی خبریں گرم ہیں کہ وہ جلد گلوکاری کے میدان میں واپس آسکتی ہیں۔گلوکارہ کی شادی برطانیہ کے بزنس مین سعد احمد کے ساتھ ہوئی، یاد رہے کہ دونوں کا نکاح ایک سال پہلے ہوا تھا۔عینی کے علاوہ فلم ’نامعلوم افراد‘ کے اداکار محسن عباس حیدر بھی شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔وی جے اور میزبانی سے اداکاری کی جانب آنے والے محسن فاطمہ سہیل کے ساتھ زندگی بھر کے رشتے سے جڑ گئے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں