اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مکہ مکرمہ کی ایک دلکش فضائی تصویر نے سوشل میڈیا پر سب کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی ہے۔ اس تصویر میں مسلمانوں کے مقدس ترین مقام، خانہ کعبہ کو خلا کی بلندیوں سے ایک روشن نقطے کی صورت میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ تصویر تقریباً 400 کلومیٹر کی اونچائی سے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے کھینچی گئی، جسے امریکی خلاء باز ڈان پیٹِٹ نے اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر شیئر کیا۔ انہوں نے تصویر کے ساتھ بتایا کہ تصویر کے وسط میں نظر آنے والی چمکتی ہوئی جگہ خانہ کعبہ ہے جو خلا سے بھی اپنی شناخت برقرار رکھتی ہے۔
ڈان پیٹِٹ خلائی اسٹیشن پر جاری اپنے چوتھے مشن کے دوران فوٹوگرافی کے حوالے سے خاص شہرت رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ نایاب منظر اسٹیشن کی کاپولا ونڈو سے ایک ہائی ریزولوشن نِکون کیمرے کے ذریعے قید کیا، جس نے اس روح پرور مقام کی شان کا ایک منفرد پہلو دنیا کے سامنے پیش کر دیا۔















































