کراچی(این این آئی)اس وقت ایئر بس کمپنی کے بنائے گئے دنیا کے مشہور طیاروں A320 میں آئے ہوئے سافٹ ویئر مسئلے نے دنیا بھر میں پریشانی کی لہر دوڑا دی ہے، اور ہزاروں طیارے فوری طور پر گرائونڈ کرنے پڑ گئے ہیں۔پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے)کے ترجمان نے اپنے بیان میں اطمینان دلایا ہے کہ قومی ایئر لائن کے پاس موجود ایئر بس کے طیاروں کو ایسا کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے، کیوں کہ ان میں ابھی تک سافٹ ویئر کا پرانا ورژن ہی چل رہا ہے۔
ترجمان نے کہا ایئر بس نے ایک نیا سوفٹ ویئر patch ریلیز کیا تھا جس میں مسئلہ آ گیا ہے، اس کا نمبر 104 ہے، اور ایئر بس نے ہدایات دی ہیں کہ تمام ایئر لائنز پرانا ورژن دوبارہ لوڈ کر لیں، تاہم ہمارے پاس کسی بھی جہاز پر یہ والا ورژن لوڈڈ نہیں ہے، لہذا ہمارے تمام طیارے محفوظ ہیں۔ترجمان نے کہا کہ قومی ایئر لائن کے بیڑے میں ایئر بس A320 ساخت کے طیاروں کی تعداد 17 ہے۔خیال رہے کہ فرانس کی طیارہ ساز کمپنی ایئر بس کمپنی نے اے تھری ٹوئنٹی طیاروں کا سافٹ ویئر فوری تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کمپنی کے اس عمل سے دنیا بھر میں 6 ہزار طیارے متاثر ہو سکتے ہیں۔ امریکن ایئر لائنز، ڈیلٹا ایئر لائنز، ایئر نیوزی لینڈ سمیت کئی کمپنیوں نے پروازوں میں خلل کا انتباہ جاری کر دیا ہے۔30 اکتوبر کو جیٹ بلیو کا طیارہ دورانِ پرواز کنٹرول کھو کر اچانک بلندی سے نیچے آ گیا تھا، جس سے پتا چلا کہ سولر ریڈی ایشن ڈیٹا کو نقصان پہنچا کر کنٹرول متاثر کر سکتی ہے۔















































