ابوظہبی(این این آئی)متحدہ عرب امارات کے ولی عہد اور مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر الشیخ محمد بن زاید آل نہیان اور امریکی ارب پتی کاروباری شخصیت اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے مل کر کوششیں کرنے سے اتفاق کیا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق ابو ظبی کے ولی عہد نے ایک بیان میں بتایا کہ ان کی بل گیٹس کے ساتھ کرونا کی وباء سے متعلق ٹیلیفون پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ بل گیٹس کرونا کے انسداد کے لیے ویکسین کی تیاری میں بین الاقوامی اداروں اور عالمی برادری کی مدد کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کے خلاف اقدامات کے حوالے سے امارات اور بل گیٹس کے خیالات میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ دونوں اس وباء کو ایک انسانی مسئلہ سمجھتے ہیں اور اس کی جلد از جلد روک تھام کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔امارات کے ولی عہد نے ٹویٹر پر پوسٹ کردہ ایک ٹویٹ میں لکھا کہ وبائی امراض سے لڑنے، ان کی روک تھام، ان کے علاج کے طریقوں پرکام کرنے اور ان بیماریوں کے پھیلائو کا دائرہ محدود کرنیکے لیے عالمی برادری کو مل کام کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید لکھا کہ میں نے اپنے عزیز دوست بل گیٹس کے ساتھ ایک فون کال کے دوران مشترکہ کوششں جاری رکھنے اور انسانی بنیادوں پر بین الاقوامی اداروں اور نجی اداکاروں کے مابین تعاون اور ہم آہنگی بڑھانے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔ ہم سب بیماریوں سے لڑنے اور ان کے پھیلاؤ کو محدود کرنے ، خاص طور پر کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے کی جانے والی کوششوں میں ہر ممکن تعاون کریں گے۔